پبلک نیوز: ایشیائی فورم ” انفارمیشن ٹیکنالوجی کامرس نیٹ ورک“ (ITCN) کے 24 ویں ایڈیشن کا آغاز ایکسپو سنٹر لاہور میں ہوا جس کی میزبانی پاکستان کر رہا ہے،اس موقع پر وزیر مملکت برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام شزہ فاطمہ خواجہ مہمان خصوصی تھیں۔
تفصیلا ت کے مطابق اپنے خطاب میں شزہ فاطمہ نے کہا کہ حکومت انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز (ICTs) میں اپنے متعدد فلیگ شپ منصوبوں جیسے کہ اسپیشل ٹیکنالوجی زونز (STZs) کے لئے سہولت فراہم کر رہی ہے،ملک بھر میں فائبرائزیشن کا قومی منصوبہ، اور تیز رفتار براڈ بینڈ انٹرنیٹ کی استطاعت کے لیے سہولت فراہم کرنا اسی منصوبے کا حصہ ہے۔
وزیر مملکت شزہ فاطمہ نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ڈیجیٹل آلات تک رسائی فراہم کرنے کے لیے پالیسی فریم ورک تشکیل دیا ہے، حکومت غیر ملکی اور مقامی آئی ٹی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے تیار ہے،خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کا آئی ٹی انڈسٹری میں اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد فراہم کرنے، کاروبار کو آسان بنانے اور آئی ٹی انڈسٹری کے اہداف کے حصول میں اہم کردار ہے۔
وزیر مملکت شزہ فاطمہ نے کہا کہ آئی ٹی کمپنیاں پاکستان کو علاقائی اور عالمی ٹیک ہب بنانے کے لیے حکومت کے تعاون سے عالمی سطح پر اپنے تعاون میں اضافہ کریں،پاکستان ڈیجیٹل کارپوریشن آرگنائزیشن کی رکنیت کے باعث آئی ٹی ایکو سسٹم میں ایک اہم شراکت دار بن چکا ہے۔
اس موقع پر ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کی سیکرٹری جنرل، دیمہ ال یحییٰ نے کہا کہ پاکستان اپنی ڈیجیٹل معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ڈیجیٹل تبدیلی کو بروئے کار لانے میں فعال رہا ہے۔
دیمہ ال یحییٰ نے کہا کہ پاکستان کے ان اقدامات سے اس معیشت میں 2030 تک 5.9 بلین ڈالر کا اضافہ متوقع ہے۔
اس موقع پر چیئرمین پاشا محمد زوہیب، کنٹری ایجوکیشن لیڈ مائیکرو سافٹ جبران جمشید، عدیل اعزاز شیخ، سی ای او اگنائٹ، چیئرمین نیٹسول سلیم غوری، سیکرٹری جنرل اسلامک چیمبر آف کامرس انڈسٹریز اینڈ ایگریکلچر یوسف حسن خلوی اور نائب صدر ای کامرس گیٹ وے محمد عمیر نظام نے بھی خطاب کیا۔