ویب ڈیسک: مقبوضہ کشمیر کے ممتاز مذہبی اسکالر علامہ آغا سید محمد باقر الموسوی سرینگر میں مختصر علالت کے بعد وفات پا گئے۔
تفصیلات کے مطابق علامہ باقر الموسوی کی شخصیت کو ان کی فکری بصیرت، انکساری، اور کشمیری مسلمانوں کی دینی و سماجی رہنمائی میں مرکزی کردار کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے۔
ان کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی علاقے بڈگام میں ادا کی گئی، جس میں عوام کے ساتھ ساتھ اعلیٰ سیاسی و سماجی شخصیات اور وزیراعلیٰ کشمیر نے بھی شرکت کی۔
معروف اسلامی اسکالر علامہ آغا سید محمد باقر الموسوی کون تھے؟
علامہ باقر الموسوی 21 مارچ 1940 کو بڈگام میں پیدا ہوئے۔ وہ آیت اللہ آغا سید مہدی الموسوی الصفوی النجفی کے فکری جانشین تصور کیے جاتے تھے، جو کشمیر کے اہم ترین فقہا میں شمار ہوتے ہیں۔
ابتدائی تعلیم بڈگام میں حاصل کرنے کے بعد وہ اعلیٰ دینی تعلیم کے لیے نجف روانہ ہوئے جہاں انہوں نے فقہ، فلسفہ اور الہیات میں گہری مہارت حاصل کی۔
علامہ باقر الموسوی نے عربی، فارسی اور کشمیری زبانوں میں کئی کتابیں تحریر کیں، جن میں فقہی مباحث، الہیات، اور شاعری شامل ہیں۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ایرانی حکومت کی جانب سے شاہد مرتضیٰ مطہری ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔