اسلام آباد،راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں بارش اور ژالہ باری

اسلام آباد،راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں بارش اور ژالہ باری
کیپشن: محکمہ موسمیات کی اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے مختلف مقامات پر بارش اور ژالہ باری جبکہ کئی شہروں میں موسم کے خشک اور گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔جبکہ کراچی کے موسم کے حوالے سے ایک بُری خبر کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں آندھی و گرج چمک کیساتھ بارش اور ژالہ باری شروع ہوگئی جبکہ بونیر، مالاکنڈ، مانسہرہ، مری ،اٹک ، چکوال، جہلم، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی بارش اور ژالہ باری جاری ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے ، اس کے علاوہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔

پنجاب کے وسطی اور جنوبی اضلاع میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی تاہم پنجاب اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔

کراچی میں ہیٹ ویو کا آغاز

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں آج سے ہیٹ ویو کا آغاز ہو چکا ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید گرمی اور حبس کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ادارے کے مطابق موسم نہ صرف گرم بلکہ مرطوب بھی رہے گا، اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 56 فیصد ہے، جو حبس کی شدت میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق دن کے اوقات میں درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ اس دوران ہواؤں کی رفتار 30 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ اس وقت ہوا 9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات پہلے ہی کراچی میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر چکا ہے، اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں، دھوپ میں سفر سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور گرمی سے بچاؤ کی دیگر تدابیر اختیار کریں۔

Watch Live Public News