بجلی کے نظام کی ڈیجیٹل تبدیلی میں اہم پیشرفت، اسمارٹ میٹرز کی تنصیب لازمی قرار

بجلی کے نظام کی ڈیجیٹل تبدیلی میں اہم پیشرفت، اسمارٹ میٹرز کی تنصیب لازمی قرار
کیپشن: بجلی کے نظام کی ڈیجیٹل تبدیلی میں اہم پیشرفت، اسمارٹ میٹرز کی تنصیب لازمی قرار

ویب ڈیسک: وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ویژن کے تحت ملک میں بجلی کے ترسیلی نظام کی ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل میں تیزی آ گئی ہے۔

وزارتِ توانائی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاور ڈویژن اور International Finance Corporation (آئی ایف سی) کے درمیان ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز کا معاہدہ طے پا گیا ہے، جسے اس شعبے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں تقریباً ایک کروڑ اسمارٹ میٹرز نصب کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اسمارٹ میٹرنگ سے نہ صرف بجلی چوری کی روک تھام ممکن ہوگی بلکہ بلنگ کے نظام میں شفافیت بھی آئے گی۔ عالمی مسابقتی عمل کے ذریعے اسمارٹ میٹرز کی قیمتوں میں تقریباً 40 فیصد کمی بھی ممکن بنائی گئی ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ بجلی کے جدید ڈیجیٹل نظام کی جانب عملی پیش رفت کے تحت روایتی میٹرز کا اجرا مرحلہ وار ختم کیا جا رہا ہے، جبکہ نئے بجلی کنکشنز کے لیے اسمارٹ میٹرز کی تنصیب لازمی قرار دے دی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق تھری فیز صارفین کے تمام میٹرز کو بھی مرحلہ وار اسمارٹ میٹرز میں تبدیل کیا جائے گا، جبکہ کمرشل اور صنعتی صارفین کو بھی ڈیجیٹل نظام میں شامل کیا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اسمارٹ میٹرز کی تنصیب سے بجلی کی وصولیوں میں بہتری اور لائن لاسز میں نمایاں کمی متوقع ہے۔

Watch Live Public News