ویب ڈیسک: میئر لندن صادق خان نے عالمی امن کے فروغ، خصوصاً امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق Trafalgar Square میں بیساکھی میلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے کہ دونوں حریف ممالک اس پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔
اپنے خطاب میں صادق خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا امن کے قیام کے لیے کردار نہ صرف قابلِ تعریف ہے بلکہ ہر پاکستانی کے لیے باعثِ فخر بھی ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جو عموماً کم ہی کسی کی تعریف کرتے ہیں، حالیہ دنوں میں پاکستان کے بارے میں مثبت خیالات کا اظہار کر رہے ہیں، جو ایک غیر معمولی پیش رفت ہے۔
ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ کشیدگی پر بات کرتے ہوئے میئر لندن نے امید ظاہر کی کہ جاری جنگ بندی مستقل امن میں تبدیل ہو جائے گی۔ ان کے مطابق خطے میں پائیدار امن نہ صرف انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ضروری ہے بلکہ عالمی معیشت کے استحکام کے لیے بھی اہم ہے۔
تقریب کے اختتام پر صادق خان نے سکھ برادری کے ساتھ بیساکھی کا تہوار منایا اور لندن کی ثقافتی ہم آہنگی اور بین المذاہب رواداری کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ لندن امن، محبت اور تنوع کا شہر ہے جہاں کے باسی دنیا بھر میں امن کے خواہاں ہیں۔