ویب ڈیسک: کینسر جیسے جان لیوا مرض کو شکست دینے کیلئے سائنسدانوں نے ایک نئی تجرباتی ایم آر این اے ویکسین تیار کی ہے جو مریض کے مدافعتی نظام کو متحرک کرکے مختلف اقسام کی رسولیوں کیخلاف موثر ثابت ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ ویکسین فلوریڈا یونیورسٹی کے ماہرین نے تیار کی ہے جس کا کامیاب تجربہ ابھی تک صرف جانوروں پر کیا گیا ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ چوہوں پر جب اس ویکسین کا استعمال کیا گیا تو خون، جلد، ہڈیوں اور دماغی کینسر کی رسولیاں ختم ہونا شروع ہوگئیں۔
ماہرین کے مطابق اس ویکسین کی خاص بات یہ ہے کہ یہ کسی مخصوص پروٹین کو ہدف بنانے کی بجائے مریض کے مدافعتی نظام کو دوبارہ فعال کرتی ہے جو جسم میں موجود رسولی کا خاتمہ کرکے متاثرہ شخص کی جلد صحتیابی کا باعث بنتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے جانوروں کی طرح اگر یہ ویکسین انسانوں پر بھی کام کرگئی تو یہ ویکسین یونیورسل کینسر ویکسین کا درجہ حاصل کر لے گی۔ اور اس ویکسین سے ہر سال ہزاروں جانیں بچائیں جا سکیں گی۔ لیکن اس ویکسین کے عام استعمال سے قبل انسانوں پر مزید کلینیکل ٹرائلز کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ یہ تحقیق نامور سائنسی جریدے نیچر بایومیڈیکل انجنیئرنگ میں شائع ہوئی ہے۔