ویب ڈیسک: امریکی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دی جانے والی ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر امریکی انتظامیہ نے اپنا اکاؤنٹ بنا کر پوری دنیا کو حیران کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکا میں پابندی کے خدشات اور متنازع قانون کے باوجود وائٹ ہاؤس نے باضابطہ طور پر ٹک ٹاک پر اپنا اکاؤنٹ بنالیا ہے۔ جس کی پہلی پوسٹ میں امریکی صدر ٹرمپ کی تقریر کی ویڈیو شامل ہے جس میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ وہ امریکا کو دوبارہ سے عظیم ملک بنائیں گے اور عوام کو وہ سب سہولتیں فراہم کریں گے جو اُن کا حق ہے۔
وائٹ ہاؤس کی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ہے کہ امریکا! ہم واپس آگئے ہیں۔ چند ہی گھنٹوں میں اکاونٹ کو ہزاروں صارفین فالو کر چکے ہیں۔ یہ امریکی انتظامیہ کا پہلا باضابطہ اکاونٹ ہے۔
خیال رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے یہ اقدام اس وقت اٹھایا گیا ہے جب ٹک ٹاک کی مالک کمپنی بائٹ ڈانس کو امریکی خریدار کو فروخت کرنے یا ملک میں ایپ پر پابندی کے خطرے کا سامنا ہے۔ ٹرمپ پہلے ہی متنازع قانون کی ڈیڈ لائن کو کئی بار آگے بڑھا چکے ہیں اور اب نئی ڈیڈ لائن 17 ستمبر مقرر ہے۔ رواں سال جون میں ٹک ٹاک کو دی گئی توسیع کے بعد 17 کروڑ امریکی صارفین نے اس کو استعمال کیا۔
سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ 2024 کے صدارتی انتخابات میں ٹرمپ اور بائیڈن نے اپنی سیاسی مہم کے دوران ٹک ٹاک کا بھر پور استعمال کیا تھا۔