ویب ڈیسک: قومی ٹی 20 اسکواڈ ایشیا کپ اور سہ ملکی سیریز کے لیے دبئی پہنچ گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹیم بدھ کو 4 مختلف گروپوں کی صورت میں دبئی پہنچی تاکہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کی آمد کو منظم بنایا جاسکے۔
پی سی بی نے اپنے بیان میں بتایا کہ کھلاڑی 21 اگست سے 27 اگست تک دبئی میں پری سیریز ٹریننگ کیمپ میں حصہ لیں گے جبکہ جمعرات کو آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی میں پہلا ٹریننگ سیشن شیڈول ہے۔
آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی کو ٹیم کا بنیادی ٹریننگ وینیو مقرر کیا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک پریکٹس میچ بھی کھیلا جائے گا۔
سہہ ملکی سیریز اور ایشیا کپ
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) August 20, 2025
پاکستان ٹی ٹونٹی اسکواڈ دبئی پہنچ گیا
پاکستان ٹیم 4 گروپس میں دبئی پہنچی
پاکستان ٹیم 21 سے 27 اگست تک پری سیریز ٹریننگ کیمپ میں حصہ لے گی
کل پاکستان ٹیم آئی سی سی اکیڈمی میں ٹریننگ سیشن میں حصہ لے گی pic.twitter.com/czQmbLnWIB
سہ ملکی سیریز میں افغانستان اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں شامل ہیں جو 29 اگست سے دبئی میں شروع ہو گی، اس کے بعد 9 ستمبر سے ایشیا کپ کا آغاز ہو گا جس کے تمام میچز بھی متحدہ عرب امارات میں ہی ہوں گے۔
قومی ٹیم کے اسکواڈ میں اس بار نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں، جن میں سابق کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان شامل نہیں ہیں۔ کوچ مائیک ہیسن نے اس فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کھلاڑی دسمبر کے بعد سے نہیں کھیلے جبکہ دیگر کھلاڑی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
اس بار اسکواڈ کی قیادت آل راؤنڈر سلمان آغا کریں گے۔ اسکواڈ میں فاسٹ بولرز محمد وسیم اور سلمان مرزا کی واپسی ہوئی ہے۔
پاکستانی اسکواڈ میں سلمان آغا (کپتان)، صائم ایوب، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، حسن نواز، سلمان مرزا، محمد حارث، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، حسن علی، حسین طلعت، صوفیان مقیم، ابرار احمد، خوشدل شاہ، فہیم اشرف اور محمد وسیم شامل کھلاڑی ہیں۔