امریکی صدر جوبائیڈن یوکرین کے دارالحکومت کیف کے غیر اعلانیہ دورے پر پہنچ گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین پر روس کے حملےکے بعد امریکی صدرکا یہ پہلا دورہ یوکرین ہے۔خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کے دورے کے موقع پر کیف میں فضائی بمباری کے سائرن بھی بجے تاہم کیف میں روسی میزائل یا بمباری کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ امریکی صدر جوبائیڈین یہ دورہ یوکرین پر روسی حملے کو ایک سا ل مکمل ہونے کے موقع پر کر رہے ہیں ۔ اس حوالے سے وائٹ ہاؤس نے بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر نے یوکرینی صدارتی محل میں صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کی اور اپنی حمایت کا یقین دلایا۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایک سال قبل جب روس نے یوکرین پر حملہ کیا تو پیوٹن کا خیال تھا کہ یوکرین کمزور ہے اور مغرب تقسیم کا شکار ہے اس لیے ہمیں ختم کیا جاسکتا ہے مگر وہ انتہائی غلطی پر تھے۔ امریکی صدر کی جانب سے یوکرین کیلئے مزید 500 ملین ڈالر کا نیا فوجی امدادی پیکج دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ یوکرین کو دی جانے والی نئی فوجی امداد میں لائٹ ملٹی پل راکٹ لانچر بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ امریکی صدر سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں پر بات ہوئی ہے، جوبائیڈن کا دورہ یوکرین کے شہریوں کے لیے حمایت کی اہم علامت ہے۔