ن لیگ کے اندرونی اختلافات: آزادکشمیر مرکزی قیادت کےاجلاس کی اندرونی کہانی

ن لیگ کے اندرونی اختلافات: آزادکشمیر مرکزی قیادت کےاجلاس کی اندرونی کہانی
کیپشن: ن لیگ کے اندرونی اختلافات: آزادکشمیر مرکزی قیادت کےاجلاس کی اندرونی کہانی

ویب ڈیسک: آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کے اندرونی اختلافات کے معاملے پر قائد ن لیگ نواز شریف کے سخت نوٹس کے بعد ہونے والے ہنگامی اجلاس کی اندرونی کہانی پبلک نیوز نے حاصل کرلی۔

وفاقی وزیر امور کشمیر انجنیئر امیر مقام کی رہائشگاہ پر گزشتہ رات ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ خان نے بھی اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں صدر ن لیگ آزاد کشمیر، اپوزیشن لیڈر شاہ غلام قادر اور پارلیمانی لیڈر راجہ فاروق حیدر سمیت اہم رہنما شریک ہوئے۔ سیکرٹری جنرل طارق فاروق اور سیکرٹری اطلاعات افتخار گیلانی سے قیادت مخالف بیانات پر سخت باز پرس کی گئی۔

پارٹی قیادت نے سوشل میڈیا پر بیان بازی کرنے والے رہنماؤں سے شدید اظہار ناراضی ہے۔ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر صدر ن لیگ آزاد کشمیر شاہ غلام قادر شدید برہم ہوئے۔ سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے بھی شاہ غلام قادر کے مؤقف کی بھرپور حمایت کی۔ 

سیکرٹری جنرل ن لیگ طارق فاروق اور سیکرٹری اطلاعات افتخار گیلانی کے بیانات پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی قرار دیدیے گئے۔ طارق فاروق اور افتخار گیلانی کو آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

وفاقی وزیر امیر مقام کے گھر ہونے والے اجلاس میں پارٹی رہنماؤں کو آئندہ بیان بازی سے سختی سے روک دیا گیا۔ مرکزی قیادت نے سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں اس طرح کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔ 

یاد رہے کہ آزاد کشمیر اسمبلی میں اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ مشترکہ طور حکومت کے غیر سیاسی رویے پر کی جانے والی پریس کانفرنس تنازعے کا باعث بنی۔ ن لیگ آزاد کشمیر کے صدر اور قیادت کے خلاف میڈیا پر بیانات سے اختلافات میں اضافہ ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزراء اجلاس کی تفصیلی رپورٹ قائد نواز شریف کو پیش کریں گے۔ پارٹی میں اندرونی اختلافات کے باعث میاں محمد نواز شریف نے مظفرآباد کا دورہ بھی ملتوی کر دیا۔ نواز شریف کے دورہ مظفرآباد کے حوالے سے تمام انتظامات منسوخ کر دیے گئے۔ مشاورت کے بعد میاں نواز شریف کا مؤخر شدہ دورہ ری شیڈول کیا جائے گا۔

Watch Live Public News