ویب ڈیسک:نومنتخب امریکی صدر آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے،دوسری جانب ان کے خلاف ہونے والے مظاہروں کی بھی مسلسل اطلاعات مل رہی ہیں،2 روز قبل واشنگٹن کے مختلف علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں افراد نے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مارچ کیا اور ان کی حلف برداری کو مسترد کردیا۔
تفصیلات کےمطابق گزشتہ روز، ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن میں ایک ریلی کا انعقاد کیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ریلی کے اختتام پر انہوں نے کیپیٹل ون میں اپنے حامیوں سے خطاب کیا۔ 20 ہزار افراد کی گنجائش والا یہ ہال لوگوں سے کھچا کھچ بھرا تھا۔ دنیا بھر کے میڈیا نے ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیاب ریلی اور خطاب کو کور کیا۔
ایک جانب ٹرمپ کی حلف برداری اور ان کے حق میں ہونے والی ریلیوں کا چرچا کیا جارہا ہے تو دوسری جانب ان کے خلاف ہونے والے مظاہروں کی بھی مسلسل اطلاعات مل رہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، 2 روز قبل واشنگٹن کے مختلف علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں افراد نے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مارچ کیا اور ان کی حلف برداری کو مسترد کردیا۔ مظاہرین ڈرم پیٹتے اور نعرے لگاتے ہوئے مارچ کررہے تھے۔
مظاہرین لنکن میموریل کے مقام پر جمع ہوئے جہاں عوام کو مختلف نوعیت کے معاملات پر معلومات کی فراہمی کے مقصد کے تحت مختلف تنظیموں کے لیے ایک میلے کا انعقاد کیا گیا تھا۔
مارچ کے شرکا نے امیگریشن، جمہوریت، موسمیاتی تبدیلی، ابارشن رائٹس اور غزہ جنگ سمیت مختلف ترقی پسندانہ اقدامات کے حق میں تقاریر کیں اور نعرے لگائے۔
