ویب ڈیسک: کراچی کے مصروف علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگنے والی شدید آگ کے باوجود عمارت کی پہلی منزل پر قائم مسجد معجزانہ طور پر محفوظ رہی، جس نے ہر آنکھ کو حیرت میں ڈال دیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق تیسرے درجے کی آتشزدگی کے بعد جب ریسکیو ٹیمیں پہلی مرتبہ مسجد کے اندر داخل ہوئیں تو وہاں شدید دھواں موجود تھا، تاہم مسجد میں رکھے گئے قرآنِ پاک کے تمام نسخے مکمل طور پر محفوظ پائے گئے۔ ریک میں موجود قرآنِ مجید کا ایک بھی نسخہ نیچے نہیں گرا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسجد میں بچھائی گئی دریاں اور دیگر مذہبی سامان بھی اپنی حالت میں موجود تھے، جو اتنی شدید آتشزدگی کے باوجود ایک غیر معمولی اور حیران کن امر قرار دیا جا رہا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق گل پلازہ کے پہلے فلور پر قائم مسجد کو کلیئر کر دیا گیا ہے اور اس بات کی تصدیق کر دی گئی ہے کہ مسجد کے اندر کوئی شخص موجود نہیں تھا۔
ادھر ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ گل پلازہ میں فائر فائٹنگ، سرچ آپریشن اور ریسکیو کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔
واضح رہے کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 26 ہو چکی ہے، جبکہ 83 افراد اب بھی لاپتا ہیں۔