سانحہ گل پلازہ: تحقیقاتی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج، آگ کی وجوہات اور کوتاہیوں کا تعین ہوگا

سانحہ گل پلازہ: تحقیقاتی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج، آگ کی وجوہات اور کوتاہیوں کا تعین ہوگا
کیپشن: سانحہ گل پلازہ: تحقیقاتی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج، آگ کی وجوہات اور کوتاہیوں کا تعین ہوگا

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر کراچی کے مصروف علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں پیش آنے والے ہولناک آتشزدگی کے سانحے کی تحقیقات کے لیے قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس آج منعقد ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کی صدارت کمشنر کراچی کریں گے، جبکہ ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ اجلاس میں گل پلازہ میں لگنے والی آگ کی وجوہات، حفاظتی انتظامات میں ممکنہ غفلت اور کوتاہیوں کے ساتھ ساتھ ذمہ داران کے تعین پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ اس موقع پر دیگر متعلقہ افسران کو تحقیقاتی کمیٹی میں شامل کرنے کا فیصلہ بھی کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر قائم کی گئی کمیٹی اپنی ابتدائی رپورٹ کی تیاری کا عمل بھی پہلے اجلاس سے شروع کرے گی۔

اس سے قبل وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا تھا کہ گل پلازہ کا سانحہ کسی بڑے المیے سے کم نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تاجروں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام مارکیٹوں میں فائر الارم سسٹم نصب کیے جائیں گے۔ ناصر حسین شاہ نے واضح کیا کہ سندھ حکومت جوڈیشل انکوائری کے لیے بھی تیار ہے، جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ کو اس معاملے کے فوری حل کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب پیر کے روز گل پلازہ آتشزدگی کا معاملہ سندھ اسمبلی میں بھی زیر بحث آیا، جہاں اجلاس شدید ہنگامہ آرائی کی نذر ہو گیا۔ وزیر بلدیات سعید غنی کی تقریر کے دوران ایم کیو ایم کے ارکان نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں سے کھڑے ہو گئے، اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کیا گیا اور حکومت مخالف نعرے بازی کی گئی۔

اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے کہا کہ اس سانحے نے سترہ سالہ حکومتی کارکردگی کو بے نقاب کر دیا ہے، جبکہ جماعتِ اسلامی کے رکن محمد فاروق نے واقعے پر تحریکِ التوا جمع کرائی۔

واضح رہے کہ ہفتے کی رات کراچی کی مرکزی شاہراہ ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگنے والی خوفناک آگ کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 26 ہو چکی ہے، جبکہ 28 افراد زخمی ہیں۔ ملبے سے ملنے والی متعدد لاشیں ناقابل شناخت ہیں، جب کہ 70 لاپتہ افراد کی فہرست بھی جاری کی جا چکی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق گل پلازہ کی عمارت انتہائی مخدوش ہو چکی ہے اور کسی بھی وقت منہدم ہونے کا خدشہ ہے۔ آگ کی شدت کے باعث ملحقہ رمپا پلازہ کے ستونوں میں بھی دراڑیں پڑ گئی ہیں، جس کے باعث وہ ٹیڑھے ہو چکے ہیں۔ پولیس نے گل پلازہ اور رمپا پلازہ کے اطراف جانے سے گریز کی ہدایت جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ دونوں عمارتیں کسی بھی وقت گر سکتی ہیں۔

Watch Live Public News