ماہانہ موبائل پیکجزمیں 50 فیصدتک اضافے کی وجہ سامنے آگئی

ماہانہ موبائل پیکجزمیں 50 فیصدتک اضافے کی وجہ سامنے آگئی
کیپشن: ماہانہ موبائل پیکجزمیں 50 فیصدتک اضافے کی وجہ سامنے آگئی

ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے سینیٹ اجلاس کے دوران تسلیم کیا ہے کہ موبائل فون آپریٹرز نے موجودہ مالی سال کے دوران اپنے ماہانہ پیکجز کی قیمتوں میں 20 سے 50 فیصد تک اضافہ کیا ہے۔

وزیر اطلاعات و ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشنز شزا فاطمہ خواجہ نے سینیٹ میں بتایا کہ ٹیلی کام سیکٹر کو متعدد اقتصادی دباؤ کا سامنا ہے جس کے باعث پیکجز کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مارچ 2021 سے مئی 2024 کے دوران ایندھن کی قیمتوں میں 158 فیصد اضافہ ہوا، مہنگائی 77 فیصد بڑھی اور پاکستانی روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں 44 فیصد کمزور ہوا۔ اس کے علاوہ پالیسی ریٹ میں 214 فیصد اضافہ ہوا جس سے ٹیلی کام آپریٹرز کی فنانسنگ لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا۔

یہ انکشاف وزیر کی جانب سے سینیٹر رانا محمود الحسن کے سوال کے تحریری جواب میں کیا گیا۔ وزیر نے اس بات کی تردید کی کہ کسی ماہانہ پیکج کی قیمت 600 روپے سے بڑھ کر 1500 روپے ہو گئی ہے اور کہا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) نے اس نوعیت کا کوئی کیس نہیں پایا۔ تاہم انہوں نے تصدیق کی کہ موبائل آپریٹرز نے اپنے ماہانہ پیکجز کی قیمتوں میں بتدریج طور پر 20 سے 50 فیصد تک اضافہ کیا، جس میں FY 2024–25 کے دوران 999 روپے سے 1499 روپے اور 1500 روپے سے 1799 روپے تک اضافہ شامل ہے۔

شزا فاطمہ خواجہ نے سینیٹ کو مزید بتایا کہ ان بڑھتی ہوئی لاگتوں کے باوجود موبائل انڈسٹری کی اوسط سالانہ ریونیو گروتھ گزشتہ پانچ سالوں میں صرف 9 فیصد رہی، جبکہ 2020 سے 2024 کے درمیان اوسط سالانہ مہنگائی کی شرح 17 فیصد رہی۔ انہوں نے کہا کہ اس عدم توازن کے باعث موبائل ٹیلی کام انڈسٹری میں قدر میں کمی واقع ہوئی ہے۔

ریگولیٹری منظوریوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں وزیر نے کہا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (ری آرگنائزیشن) ایکٹ 1996 اور موبائل ٹیرف ریگولیشنز 2025 کے تحت، جن آپریٹرز کو سائنفیکنٹ مارکیٹ پاور (SMP) رکھنے والا قرار دیا جاتا ہے، انہیں ٹیرف میں تبدیلی سے قبل PTA سے پیشگی منظوری لینا ضروری ہے۔

انہوں نے تصدیق کی کہ جاز کو ریٹیل موبائل ٹیلی کام مارکیٹ میں SMP آپریٹر قرار دیا گیا ہے اور اس کے ٹیرف اتھارٹی کی منظوری سے ہوتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگر دیگر آپریٹرز کے ٹیرف صارفین کے مفادات کے خلاف ہوں تو PTA کے پاس مداخلت کا اختیار موجود ہے۔

Watch Live Public News