ویب ڈیسک: وزارتِ توانائی کی ہدایت پر لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے سولر گرین میٹرز کی تنصیب پر پابندی عائد کر دی ہے، جس کے باعث لیسکو کے ہزاروں صارفین اس سہولت سے محروم رہیں گے۔
لیسکو حکام کے مطابق اگرچہ نیپرا کی جانب سے سولر گرین میٹرز لگانے کی ہدایت موجود تھی، تاہم وزارتِ توانائی کے احکامات کے بعد اس عمل کو روک دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ لیسکو وزارت کے فیصلوں پر عمل درآمد کی پابند ہے۔
لیسکو انتظامیہ نے بتایا کہ سولر گرین میٹرز کی تنصیب پر عائد پابندی ایک سے دو ماہ تک برقرار رہ سکتی ہے۔ اس دوران گھریلو اور صنعتی دونوں اقسام کے صارفین کے لیے نئے سولر گرین میٹرز لگانے کا عمل معطل کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق نئی سولر گرین میٹر پالیسی کے اجرا کے بعد ہی دوبارہ میٹرز کی تنصیب شروع کی جائے گی۔ مزید یہ کہ ملک بھر کی دیگر ڈسکوز نے بھی سولر کنکشنز کی فراہمی عارضی طور پر بند کر دی ہے۔