(ویب ڈیسک ) نور مقدم قتل کیس میں سزائے موت پانے والے مجرم ظاہر جعفر کی جانب سے صدر مملکت کو دی گئی رحم کی اپیل کے بعد اڈیالہ جیل انتظامیہ نے اس کی ذہنی حالت جانچنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے پمز اسپتال انتظامیہ کو خط لکھا ہے جس میں ماہرینِ نفسیات پر مشتمل میڈیکل بورڈ کی فوری تشکیل کی درخواست کی گئی ہے۔ خط میں ظاہر جعفر کی ذہنی کیفیت سے متعلق تحفظات کے پیش نظر اس کی مکمل طبی جانچ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
خط پر سپرنٹنڈنٹ، میڈیکل آفیسر اور جیل کے ماہر نفسیات کے دستخط موجود ہیں، جبکہ پمز انتظامیہ سے اپیل کی گئی ہے کہ میڈیکل بورڈ جلد از جلد تشکیل دیا جائے تاکہ رحم کی اپیل پر کارروائی آگے بڑھائی جا سکے۔
یاد رہے کہ ظاہر جعفر کو نور مقدم کے قتل کے جرم میں عدالت نے سزائے موت سنائی تھی، اور وہ اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہے۔
