ویب ڈیسک: ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ جاری جنگ کا خاتمہ یا تو ایران کی عسکری برتری کے بعد ہوگا یا پھر مذاکرات کے ذریعے۔
ایرانی خبر ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو میں عباس عراقچی نے کہا کہ مذاکرات کا مؤثر وقت وہ ہوتا ہے جب میدانِ جنگ میں ٹھوس عسکری اور اسٹریٹجک کامیابیاں حاصل ہو چکی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی جانوں اور ملک کے مستقبل سے متعلق فیصلے مکمل سوچ بچار اور درست حکمت عملی کے تحت کیے جانے چاہییں، جبکہ سیاسی قیادت کو مسلسل یہ جائزہ لینا چاہیے کہ جنگ جاری رکھنے کا فائدہ زیادہ ہے یا اس کی قیمت۔
ایرانی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ بعض نقصانات کے باوجود ایران اس جنگ کے دوران ایک مؤثر بین الاقوامی طاقت کے طور پر ابھرا ہے اور اس نے اپنے نظام کی مضبوطی کا بھی مظاہرہ کیا۔
دوسری جانب امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران کے ساتھ کئی بار مذاکرات کی کوشش کی ہے اور سفارتی رابطوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔