ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور اسدقیصر کی ضمانتوں کی درخواستیں خارج کردیں۔ ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت نے اسدعمر اور شاہ محمود قریشی کے خلاف تھانہ ترنول میں اور اسد قیصر کی تھانہ سنگجانی میں درج مقدمے میں درخواست خارج کر دی ۔ پیشی کیلئے علیحدہ علیحدہ آنے والے تینوں رہنما ضمانتیں خارج ہونے کے بعد کچہری سے روانہ ہوگئے، تاہم گرفتاری کے پیش نظر تینوں رہنما مختلف دروازوں سے کچہری سے نکلے، اسد عمر اور شاہ محمود قریشی نےکمرہ عدالت کے دروازے پر کھڑے ہو کرفیصلہ سنا۔ شاہ محمود قریشی اور اسد عمر دونوں ایک گاڑی میں بیٹھ کےکچہری سے روانہ ہوئے جبکہ اسد قیصر فیصلہ سنانے سے قبل ہی روانہ ہوچکے تھے۔ خیال رہے کہ تینوں افراد پر جوڈیشل کمپلیکس میں عمران خان کی پیشی کے موقع پر توڑپھوڑ اور شہریوں کو تشدد پر اکسانے کے مقدمات ہیں