عازمین حج کیلئے فوٹوگرافی سے متعلق اہم ہدایات جاری

عازمین حج کیلئے فوٹوگرافی سے متعلق اہم ہدایات جاری
سعودی عرب کی جانب سے حرم مکی اورمسجد نبویﷺ میں فوٹوگرافی سے متعلق اہم ہدایات جاری کردیں گیئں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج نے دورانِ حج حرم مکی اور مسجد نبوی ﷺ میں فوٹو گرافی کے حوالے سے چند ہدایات جاری کی ہیں،جن کے ذریعے وزارت حج نے عازمین پر یہ زور دیا ہے کہ وہ حج کے بابرکت موقعے سے فائدہ اٹھائیں اور نیک اعمال پر مکمل انہماک کے ساتھ توجہ دیں۔ اسی سلسلے میں وزارت حج نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں لکھا کہ مناسکِ حج کی ادائیگی کے دوران تصویر کھنچواتے وقت چند آداب کو ملحوظِ خاطر رکھنا ہوگا تاکہ دیگر عازمین کو آپ کے اس عمل کی وجہ سے کسی بھی قسم کی کوئی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس حوالے سے عازمین حج کیلئے جاری ہدایت میں یہ کہا گیا ہے کہ زیادہ دیر تک کھڑے رہنے سے گریز کریں، حاجیوں کے راستوں سے دور رہیں، ٹریفک میں رکاوٹ پیدا کرنے کا باعث مت بنیں اور دوسروں کی رازداری کے مکمل احترام کو بھی یقینی بنایا جائے۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ 7 لاکھ سے زائد عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں، گذشتہ روز آنے والے زائرین کی کل تعداد 29 ہزار 090 تھی اور ان میں سے 25 ہزار 962 مدینہ منورہ کے پرنس محمد بن عبدالعزیزانٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچے تھے جبکہ گذشتہ روز تک 5 لاکھ 56 ہزار953 عازمین مدینہ منورہ حاضری کے بعد مکہ مکرمہ روانہ ہو گئے اورایک روز قبل تک مدینہ منورہ میں مقیم عازمین کی تعداد 1 لاکھ 61 ہزار 021 ریکارڈ کی گئی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔