ویب ڈیسک: تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز پارٹی کی سرگرمیوں سے جان چھڑانے لگ گئے۔ بانی چیئرمین کی ہدایات نظر انداز کرتے ہوئے نہ ہی ریلیاں نکالیں اور نہ ہی میٹنگز میں شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اراکین اور ٹکٹ ہولڈرز کی عدم دلچسپی کی رپورٹ بانی چیئرمین اور اعلی قیادت کو بھجوا دی گئی ہے۔ رپورٹ میں اراکین اور ٹکٹ ہولڈرز کو کیے گئے واٹس ایپ پیغامات اور کال ریکارڈ کو حصہ بنایا گیا ہے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ لاہور کے30 صوبائی اسمبلی کے ٹکٹ ہولڈرز اور مرکزی رہنماؤں میں سے صرف 13 نے پارٹی ہدایات کو فالو کیا۔ قومی اسمبلی کے 13 حلقوں میں سے صرف ایک ٹکٹ ہولڈر متحرک رہا۔
بتایا گیا ہے کہ لطیف کھوسہ، سلمان اکرم راجہ ، شہزاد فاروق، ظہیر عباس کھوکھر،محمد خان مدنی نے پارٹی کی زوم میٹنگ میں شرکت کی نہ کوئی ریلی نکالی۔ اعظم خان نیازی، یوسف میو، مہر شرافت علی، ندیم بارا بھی پارٹی دلچسپیوں سے دور رہے۔ علی امتیاز وڑائچ، شیخ امتیاز، یاسر گیلانی بھی ریلیاں نکالنے میں ناکام رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی چیئرمین کی جانب سے تمام اراکین اور ٹکٹ ہولڈرز کو ریلیاں نکالنے کی ہدایات کی گئی تھیں۔