ویب ڈیسک: امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ اگر ایران پر فوجی دباؤ بڑھایا گیا، تو وہ ممکنہ طور پر ایٹمی ہتھیار بنانے کا فیصلہ کر سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی خفیہ اداروں نے خبردار کیا ہے کہ اگرچہ تہران نے تاحال جوہری ہتھیار بنانے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا، مگر اس کے پاس اتنی مقدار میں افزودہ یورینیم موجود ہے جو کم از کم ایک ایٹمی بم کی تیاری کے لیے کافی ہو سکتی ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اگر امریکہ ایران کے حساس جوہری تنصیبات، خصوصاً فردو پلانٹ، کو نشانہ بناتا ہے یا سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای پر حملہ کرتا ہے، تو اس کا ردعمل ممکنہ طور پر ایٹمی ہتھیار بنانے کے عمل کی صورت میں سامنے آ سکتا ہے۔
امریکی انٹیلیجنس اداروں کا کہنا ہے کہ ایران اس وقت جوہری ہتھیار کی تیاری کے بارے میں صرف اسی صورت میں سنجیدگی دکھا سکتا ہے اگر وہ خود کو دفاعی پوزیشن میں محسوس کرے۔ ایسی کسی بھی پیشرفت کو خطے اور عالمی سلامتی کے لیے شدید خطرہ قرار دیا جا رہا ہے۔