ٹیلی گرام کے بانی کادولت کو اپنے 100 سے زائد بچوں میں تقسیم کرنے کا اعلان

ٹیلی گرام کے بانی کادولت کو اپنے 100 سے زائد بچوں میں تقسیم کرنے کا اعلان
کیپشن: ٹیلی گرام کے بانی کادولت کو اپنے 100 سے زائد بچوں میں تقسیم کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک:  (علی زیدی) مشہور میسجنگ ایپ ’ٹیلیگرام‘ کے بانی اور سی ای او پاویل دوروف نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی اربوں ڈالر کی دولت اپنے 100 سے زائد بچوں میں تقسیم کریں گے، جن میں وہ بچے بھی شامل ہوں گے جو انہوں نے سپرم ڈونیشن کے ذریعے پیدا کیے۔

فرانسیسی سیاسی جریدے Le Point کو دیے گئے انٹرویو میں 40 سالہ روسی نژاد ٹیکنالوجی ٹائیکون نے بتایا کہ ان کے چھ بچے مختلف خواتین سے قانونی تعلقات کے ذریعے ہیں، جب کہ درجنوں دیگر بچے انہوں نے 15 برسوں کے دوران سپرم ڈونیشن کے ذریعے پیدا کیے۔

دوروف نے کہا کہ “یہ سب میرے بچے ہیں، اور ان سب کو یکساں حقوق حاصل ہوں گے۔ میں نہیں چاہتا کہ میری وفات کے بعد یہ ایک دوسرے سے جھگڑیں۔”

انہوں نے حال ہی میں اپنی وصیت مکمل کی ہے اور اس میں واضح طور پر لکھا ہے کہ ان کی دولت پر بچوں کو فوری رسائی نہیں ہوگی۔

"میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میرے بچے آئندہ 30 سال تک میری دولت کو ہاتھ نہیں لگا سکیں گے۔ میں چاہتا ہوں کہ وہ عام لوگوں کی طرح زندگی گزاریں، خود پر بھروسا کرنا سیکھیں اور بینک بیلنس پر انحصار نہ کریں۔"

بلوم برگ کے مطابق دوروف کی دولت کا تخمینہ تقریباً 13.9 ارب ڈالر ہے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار محض "نظریاتی" ہیں کیونکہ انہوں نے کبھی ٹیلیگرام فروخت نہیں کیا۔

"میری زیادہ تر دولت 2013 میں کیے گئے بٹ کوائن سرمایہ کاری سے آئی، ٹیلیگرام سے نہیں۔"

دوروف، جو اس وقت دبئی میں مقیم ہیں، نے بتایا کہ وہ اپنی کمپنی اور بچوں کے تحفظ کے لیے وصیت تیار کر رہے ہیں کیونکہ ان کے کام میں خطرات موجود ہیں۔

"آزادی کا دفاع کرنا طاقتور ریاستوں میں دشمن پیدا کرتا ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ ٹیلیگرام ہمیشہ انہی اصولوں پر قائم رہے جن کی میں حمایت کرتا ہوں۔"

ٹیلیگرام، جو اس وقت دنیا بھر میں ایک ارب سے زائد ماہانہ صارفین رکھتی ہے، اپنی سخت اینکرپشن اور محدود مواد نگرانی کی وجہ سے مشہور ہے۔

گزشتہ برس، دوروف کو پیرس میں متعدد سنگین الزامات کے تحت گرفتار بھی کیا گیا تھا جن میں منی لانڈرنگ، منشیات کی ترسیل اور چائلڈ پورنوگرافی پھیلانے جیسے الزامات شامل تھے۔ تاہم انہوں نے ان الزامات کو "مضحکہ خیز" قرار دیتے ہوئے مسترد کیا۔

Watch Live Public News

کونٹینٹ پروڈیوسر