ایران نے آبنائے ہرمز کو تمام بحری آمدورفت کیلئے بند کر دیا

ایران نے آبنائے ہرمز کو تمام بحری آمدورفت کیلئے بند کر دیا
کیپشن: ایران نے آبنائے ہرمز کو تمام بحری آمدورفت کیلئے بند کر دیا

ویب ڈیسک: ایران کی مرکزی فوجی کمان “خاتم الانبیاء” نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو تمام بحری آمدورفت کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق یہ اقدام امریکا اور اسرائیل کی جانب سے جنگ کے بعد طے پانے والی مبینہ مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزیوں کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔ ہفتے کے روز جاری بیان میں خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ امریکا نے جنگ کے خاتمے کے لیے طے شدہ مفاہمتی معاہدے کی پہلی شق کی خلاف ورزی کی ہے، جبکہ اسرائیل جنوبی لبنان میں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ان اقدامات کے باعث آبنائے ہرمز کو بحری جہازوں اور تجارتی راستوں کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایرانی فوجی کمان نے مزید کہا کہ یہ اقدام مبینہ معاہدوں کی خلاف ورزیوں کے جواب میں پہلا قدم ہے، اور اگر صورتحال برقرار رہی تو مزید اقدامات بھی کیے جا سکتے ہیں۔

بیان میں خبردار کیا گیا کہ اگر مبینہ جارحیت اور معاہدوں کی خلاف ورزیاں جاری رہیں تو ایران اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے اضافی اقدامات پر غور کر سکتا ہے۔

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے خلیجی ممالک کی بڑی مقدار میں تیل اور گیس کی ترسیل عالمی منڈیوں تک پہنچتی ہے۔

Watch Live Public News