پاک بھارت جنگ بندی میں امریکہ کا کوئی کردار نہیں، بھارتی سیکرٹری خارجہ کا دعویٰ

پاک بھارت جنگ بندی میں امریکہ کا کوئی کردار نہیں، بھارتی سیکرٹری خارجہ کا دعویٰ
کیپشن: پاک بھارت جنگ بندی میں امریکہ کا کوئی کردار نہیں، بھارتی سیکرٹری خارجہ کا دعویٰ

ویب ڈیسک: بھارت کے سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کسی تیسرے فریق کی مداخلت کا نتیجہ نہیں تھی بلکہ یہ مکمل طور پر دو طرفہ فیصلہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اس عمل میں کوئی کردار نہیں رہا۔

پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے وکرم مسری نے بتایا کہ صدر ٹرمپ نے بھارت سے کسی قسم کی اجازت طلب نہیں کی تھی بلکہ وہ خود بخود معاملے میں شامل ہونا چاہتے تھے اور میڈیا میں آ گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے کسی قسم کی ایٹمی دھمکی یا اشارہ موصول نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی صرف روایتی عسکری دائرہ تک محدود رہی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، پارلیمانی کمیٹی کے اراکین نے بار بار استفسار کیا کہ جنگ کے دوران بھارت کے کتنے جنگی طیارے تباہ ہوئے، لیکن وکرم مسری نے قومی سلامتی کا حوالہ دے کر جواب دینے سے گریز کیا۔

ادھر پاکستان نے بھارتی میڈیا کی جانب سے شاہین میزائل کے استعمال سے متعلق کیے گئے دعووں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے ان الزامات کو من گھڑت اور بےبنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج نے اپنی غلط ویڈیو کو ہٹا تو دیا، لیکن بھارتی میڈیا جھوٹا بیانیہ پھیلانے میں مصروف ہے۔

ترجمان نے کہا کہ یہ پروپیگنڈا دراصل بھارت کی ’ آپریشن سندور‘ میں ناکامی کو چھپانے کی کوشش ہے اور اس کا مقصد جنگ بندی سے متعلق گمراہ کن تاثر پیدا کرنا ہے۔ ترجمان نے یاد دہانی کرائی کہ 12 مئی کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں پاکستان کی جانب سے استعمال کیے گئے ہتھیاروں، جن میں فتح ایف ون، ایف ٹو میزائل، جدید ڈرونز اور طویل فاصلے تک مار کرنے والی توپیں شامل ہیں، کی مکمل تفصیلات فراہم کی گئی تھیں۔

Watch Live Public News