ویب ڈیسک: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے چائنا میڈیا گروپ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں پاکستان کے دفاعی مؤقف، بھارت کے ساتھ جاری کشیدگی، پاک چین تعلقات اور خطے کی صورتحال پر بھرپور انداز میں اظہار خیال کیا۔
تفصیلات کے مطابق معرکہ حق، بھارت کیساتھ تنازع، پاک چین تعلقات پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کیلئےسب سے اہم اس کی طاقت اور مسئلے کا حل ہے اور ہم اللہ کے بعد سب سے زیادہ خود پر انحصار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قوم پرعزم ہے اور جب یہ عزم مضبوط ہوتا ہے تو بین الاقوامی برادری بھی اپنا کردار ادا کرتی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ دنیا کے جتنے بھی ممالک ہیں سب کو اس وقت بڑے چیلنجز کا سامنا ہے،جو بڑے ممالک ہیں ان کا ویژن بھی بڑا ہے، لوگ انسانیت کی ترقی کی جانب دیکھ رہے ہیں،اس دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے مسائل ہیں، بڑھتی آباد کے مسائل ہیں یعنی بہت سارے مسائل سے دنیا نبردآزما ہے،کیا ایسے میں ایک ملک دوسرے ملک پر بلاجواز، جھوٹے بیانیے اور بغیر ثبوت کے چڑھ دوڑے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پڑوسی ممالک کے اوپر اپنی اجارہ داری مسلط کرنے کی کوشش کرے، پاکستان کی قوم تو نہ پہلے جھکی تھی اور نہ ہم اب جھکیں گے،میں پہلی بھی کہتا رہا ہوں اور اب بھی کہتا ہوں کہ ہمارے شہادت کی آرزو زندگی سے زیادہ ہے،چاہے کسی نے نیلی، سفید یا خاکی وردی پہن رکھی ہے شہادت ہمارے لئے اعزاز ہے، پاکستان اور چین دنیا میں دو ذمہ دار ملک ہیں، پاکستان اور چین دونوں کی پہلی ترجیح لوگوں کی فلاح و بہبود ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہناہے کہ لوگوں کی خوشحالی ہمیشہ امن و استحکام سے آتی ہے، پاکستان اور چین دونوں کی خطے میں امن و استحکام کیلئے کوشاں ہیں،اس کیلئے ہم دہشتگردی کی لعنت سے لڑ رہے ہیں، دہشتگردی کا مقصد ہی ترقی کو روکنا ہے،چین نے انتہائی کم عرصے میں اتنی بڑی آبادی کے ساتھ جو ترقی کی ہے اسے دنیا کو دیکھنا چاہئے، پاکستان کے عوام بھی یہی چاہتے ہیں کہ ہم ترقی اور استحکام کی جانب جائیں،ہماری پہلی ترجیح امن ہے، آج پاکستان کی گلیوں میں دیکھیں تو آپ کو فتح نہیں امن کی خوشی مناتے لوگ نظر آئینگے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لوگوں میں آپ کو انسانیت نظر آئے گی، ہم عاجزی کرتے ہوئے اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں،ہم اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر ادا کرتے ہیں کیونکہ ہم امن پسند ہیں، پاکستان کی جو آہنی دیوار جس میں عوام، مسلح افواج اور تمام شعبے شامل ہیں کو دہشتگردی کے ناسور کی جانب موڑنا ہے۔آپ دیکھیں گے کہ ملک کیسے دوڑتا ہوا ترقی کی منازل طے کرے گا۔۔انشاء اللہ۔۔