ویب ڈیسک: بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کا طے شدہ دورۂ پاکستان غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو گیا ہے، اور اب تک بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے پاکستان آنے یا نہ آنے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق بی سی بی داخلی سطح پر اس معاملے پر غور کر رہا ہے اور ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے متعلق ابہام کا شکار ہے۔ شیڈول کے تحت بنگلا دیشی ٹیم کو 21 مئی کو پاکستان پہنچنا تھا، مگر موجودہ صورتحال میں یہ دورہ خطرے میں دکھائی دیتا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سیریز کے انعقاد کے لیے مختلف متبادل تجاویز بی سی بی کو پیش کی ہیں، تاہم ذرائع کے مطابق بنگلا دیش کی جانب سے ان آپشنز پر کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
یاد رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز طے ہے، جس کا ابتدائی شیڈول 25 مئی سے 3 جون تک مقرر تھا۔ تاہم پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے باعث اس میں تبدیلی کا امکان ہے اور سیریز کے لیے 27 مئی سے 5 جون تک کی نئی تاریخیں زیر غور ہیں۔
مزید برآں، سیریز کے پہلے میچ کا مقام بھی تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔ ابتدائی طور پر میچ فیصل آباد میں رکھا گیا تھا، تاہم لاجسٹک وجوہات کی بنا پر اسے لاہور منتقل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
کرکٹ شائقین کی نظریں اب بی سی بی کے فیصلے پر جمی ہوئی ہیں، جو اس سیریز کے انعقاد یا التوا کا تعین کرے گا۔