ویب ڈیسک: ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی فوج کے سینئر افسر کے حالیہ ریمارکس اور گولڈن ٹیمپل ( دربار صاحب، امرتسر) پر حملے کی منصوبہ بندی سے متعلق الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایسے بے بنیاد اور اشتعال انگیز دعوؤں کو مکمل طور پر رد کرتا ہے۔
تفصیلات کے مطابقترجمان دفتر خارجہ کا کہناہے کہ پاکستان تمام مذہبی عبادت گاہوں کا بے حد احترام کرتا ہے،پاکستان گولڈن ٹیمپل جیسی کسی مقدس مقام کو نشانہ بنانے کا سوچ بھی نہیں سکتا،حقیقت تو یہ ہے کہ بھارت نے ہی 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان میں مختلف مذہبی مقامات کو نشانہ بنایا، بھارتی الزامات اس ناقابل قبول اقدام سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں،پاکستان سکھ مذہب کے کئی مقدس مقامات کا فخر سے نگہبان ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہناہے کہ ہر سال دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتری پاکستان کا رخ کرتے ہیں،پاکستان گوردوارہ صاحب کرتارپور تک بغیر ویزہ رسائی فراہم کرتا ہے،پاکستان کی جانب سے گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کا کوئی بھی دعویٰ مکمل طور پر بے بنیاد اور غلط ہے۔