ویب ڈیسک: (دانش منیر) بھارتی حملے میں شہید اور زخمی ہونے والے معصوم بچوں اور بے گناہ شہریوں کے لیے حکومتِ پاکستان نے فوری امدادی پیکج کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعظم کی منظوری اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر اس پیکج کی تقسیم کا عمل باقاعدہ طور پر شروع ہو چکا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق متاثرہ افراد کی مدد کے لیے صوبے کے 14 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو 343 ملین روپے جاری کر دیے گئے ہیں، تاکہ امداد بروقت، شفاف اور مؤثر انداز میں متاثرین تک پہنچائی جا سکے۔
امداد کی تین کیٹیگریز
فراہم کردہ فنڈز کو تین اقسام میں تقسیم کیا گیا ہے:
شہداء کے لواحقین کو 1 کروڑ روپے
شدید زخمیوں کو 20 لاکھ روپے
معمولی زخمیوں کو 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
مکمل شفافیت اور جانچ کا نظام
امداد کی فراہمی سے قبل ہر مستحق کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی تاکہ صرف اہل افراد کو رقم فراہم کی جا سکے۔ شہداء کے قانونی وارثین کے سوا کسی تیسرے فریق کو رقم کی ادائیگی کی اجازت نہیں ہوگی۔ ڈپٹی کمشنرز کو امدادی رقوم کی تقسیم سے متعلق مکمل ریکارڈ محفوظ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ متاثرہ خاندانوں کی ذاتی معلومات کو مکمل رازداری کے ساتھ سنبھالا جائے گا۔
متاثرہ اضلاع کی فہرست
امداد کا یہ عمل پنجاب کے درج ذیل 14 متاثرہ اضلاع میں جاری ہے:
قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، اٹک، مری، بہاولپور، بہاولنگر، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گجرات، سیالکوٹ، خانیوال، اوکاڑہ، اور راولپنڈی۔؎
قومی اتحاد کا مظاہرہ
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق، دشمن کے بزدلانہ اور انسانیت سوز حملے کے خلاف پوری قوم یکجہتی کا مظاہرہ کر رہی ہے، اور متاثرین کو فوری امداد کی فراہمی ریاست کی اولین ترجیح ہے۔ تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امدادی رقوم کی تفصیلی رپورٹ محکمہ داخلہ کو جلد ارسال کریں۔