ویب ڈیسک: فیصل آباد کے نواحی علاقے چک جھمرہ میں ایک افسوسناک واقعے میں اولاد کی خواہش نے ایک خاتون کی جان لے لی۔شوہر نے حکیم کی تجویز کردہ دوا خاتون کوکھلا دی جس کے باعث بیوی جانبر نہ ہو سکی۔
پولیس کے مطابق، نوشیر نامی شخص نے اپنی بیوی ثنا نور کے ساتھ اولاد نہ ہونے پر ایک حکیم سے رجوع کیا۔ حکیم سے لی گئی دوا نوشیر نے اپنی بیوی کو کھلائی، جس کے بعد خاتون کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔
ذرائع کے مطابق دوا کے استعمال سے ثنا نور کو گردوں میں شدید تکلیف شروع ہوئی اور اسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی اور دم توڑ گئی۔
پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شوہر اور حکیم دونوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، جب کہ تحقیقات جاری ہیں کہ دوا میں کون سے اجزا شامل تھے اور یہ دوا رجسٹرڈ تھی یا نہیں۔
اہلِ علاقہ نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے غیر مستند علاج اکثر جان لیوا ثابت ہوتے ہیں، اور اس سلسلے میں حکام کو سخت کارروائی کرنی چاہیے۔