ویب ڈیسک: بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری میں طالبات کو ہراساں کرنے کا ایک اور کیس منظرِ عام پر آ گیا، جس پر یونیورسٹی انتظامیہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ افسر کو معطل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی کی ایک طالبہ کی جانب سے شکایت موصول ہونے کے بعد سینئر اکاؤنٹس افسر عبدالرشید ملاح کو معطل کر دیا گیا ہے۔ الزامات کے تحت عبدالرشید ملاح نے طالبہ کو مبینہ طور پر موبائل میسجز کے ذریعے ہراساں کیا۔
یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق عبدالرشید ملاح کو تاحکمِ ثانی یونیورسٹی کیمپس میں داخلے سے روک دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کی منظوری یونیورسٹی کی سینڈیکیٹ کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں دی گئی۔

یونیورسٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں اور متاثرہ طالبہ کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ اعلیٰ حکام نے اس امر کی یقین دہانی کرائی ہے کہ ہراسانی جیسے واقعات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یاد رہے کہ لیاری یونیورسٹی میں اس سے قبل بھی ہراسانی کے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں، جس پر تعلیمی حلقوں اور طلبہ یونینز نے جامع اصلاحات اور سخت نگرانی کا مطالبہ کیا تھا۔