فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر اللّٰہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں ، فیلڈ مارشل عاصم منیر 

فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر اللّٰہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں ، فیلڈ مارشل عاصم منیر 

(ویب ڈیسک ) فیلڈ مارشل عاصم منیر  کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر اللّٰہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ اعزاز پوری قوم، افواجِ پاکستان، خاص کر سول اور ملٹری شہداء اور غازیوں کے نام وقف کرتا ہوں۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر  نے کہا کہ   صدر پاکستان، وزیرِ اعظم اور کابینہ کے اعتماد کا شکر گزار ہوں۔ یہ اعزاز قوم کی امانت ہے جس کو نبھانے کے لیے لاکھوں عاصم بھی قربان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  یہ انفرادی نہیں بلکہ افواجِ پاکستان اور پوری قوم کے لئے اعزاز ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر  نے   قوم کا شکریہ ادا کیا۔

صدر ، وزیر اعظم کی مبارکباد: 


صدر مملکت آصف زرداری اور   وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف ، وفاقی وزرا، چیئرمین جائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی جانب سے جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی پانے پر مبارک باد دی گئی ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف  نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی پر دلی مبارکباد دی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر  نے معرکہ حق کے دوران آپریشن بنیان مرصوص میں اپنی قائدانہ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا. جنرل سید عاصم منیر کو اللہ تعالٰی نے بے مثال خوبیوں سے نوازا ہے، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی میں ان کی دلیری، استقامت اور دانشمندی کا کلیدی کردار تھا.

انہوں نے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر  نے  دفاع وطن کیلئے گراں قدر خدمات اور آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے خطے میں طاقت کے توازن کو قائم کرنے کیلئے اقدامات پر انہیں فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی گئی. معرکہ حق کے دوران جنرل سید عاصم منیر  سے لے کر سرحدوں پر دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے والے ہر سپاہی نے دفاع وطن کیلئے دلیری سے اپنی خدمات سر انجام دیں.

 وزیرِ اعظم نے کہا کہ  مجھ سمیت پوری قوم کو جنرل سید عاصم منیر اور انکی قیادت میں اپنی بہادر افواج کے غازیان و شہداء اور انکے اہل خانہ پر فخر ہے.

وفاقی وزیر داخلہ کی فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر جنرل سید عاصم منیر کو مبارکباد:

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر جنرل سید عاصم منیر کو مبارکباد دی۔وزیرداخلہ محسن نقوی  نے فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ  آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے محنت، صلاحیتوں اور پیشہ وارانہ مہارت سے یہ مقام حاصل کیا ہے۔ معرکہ حق کی شاندار فتح کے بعد فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی جنرل سید  عاصم منیر کا حق تھا۔جنرل سید عاصم منیر  کی قیادت میں مسلح افواج نے دشمن کو عبرتناک سبق سیکھایا۔

انہوں نے کہا کہ  قوم دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی اس کا کریڈٹ جنرل سید عاصم منیر کو جاتا ہے۔جرات، شجاعت، تدبر، حکمت اور دانش  کا جو مظاہرہ جنرل سید عاصم منیر نے  دکھایا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ یقین ہے کہ جنرل سید عاصم منیرکی قیادت میں پاک فوج نئی بلندیوں تک جائے گی۔جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج کی مزید کامیابیوں اور کامرانیوں کے لئے دعا گو ہوں۔

Watch Live Public News