(ویب ڈیسک) پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر حکومتِ پاکستان نے خصوصی یادگاری سکہ جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق 75 روپے مالیت کا یادگاری سکہ 25 مئی 2026 سے عوام کیلئے دستیاب ہوگا۔ یادگاری سکہ اسٹیٹ بینک بینکنگ سروسز کارپوریشن کے فیلڈ دفاتر کے ایکسچینج کاؤنٹرز سے حاصل کیا جا سکے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کا باقاعدہ آغاز 21 مئی 1951 کو ہوا تھا۔حکومت پاکستان نے دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے پر خصوصی سکہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ 75 روپے مالیت کا یادگاری سکہ 75 فیصد تانبا اور 25 فیصد نکل سے تیار کیا گیا ہے۔ یادگاری سکے کا وزن 19 گرام جبکہ قطر 36 ملی میٹر رکھا گیا ہے۔سکے کے ایک رخ پر ہلال، ستارہ، "اسلامی جمہوریہ پاکستان" اور سن 2026 درج کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق سکے کے دوسرے رخ پر پاکستان اور چین کے قومی پرچم نمایاں کیے گئے ہیں۔ سکے پر " پاکستان چین سفارتی تعلقات کے 75 سال" اردو، انگریزی اور چینی زبان میں تحریر کیا گیا ہے۔یادگاری سکے پر "اعتماد، دوستی اور تعاون" کے الفاظ بھی درج کیے گئے ہیں۔
خصوصی سکہ پاکستان اور چین کے مضبوط سفارتی تعلقات اور باہمی تعاون کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔