ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ کو اپنی سخت تجارتی دھمکیوں کے ذریعے روکنے میں کردار ادا کیا تھا۔
سعودی بزنس فورم سے خطاب میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک اُس وقت ایٹمی جنگ کے دہانے پر تھے، اور انہوں نے جنگ نہ روکنے کی صورت میں ساڑھے تین سو فیصد ٹیرف عائد کرنے اور تجارت محدود کرنے کی وارننگ دی تھی۔
ٹرمپ نے بتایا کہ انہیں مشورہ دیا گیا کہ وہ ایسا قدم نہیں اٹھا سکتے، لیکن انہوں نے دو ٹوک کہا کہ وہ یہ اقدام ضرور کریں گے کیونکہ وہ ’’ ایٹمی تباہی‘‘ نہیں ہونے دینا چاہتے تھے۔
ٹرمپ کے مطابق انہوں نے پاکستان اور بھارت کو یہ پیغام دیا کہ اگر جنگ نہ کی تو اچھا تجارتی معاہدہ کیا جاسکتا ہے۔ ان کے بقول اس پیغام کے بعد بھارتی وزیراعظم نے انہیں فون کرکے یقین دہانی کرائی کہ بھارت جنگ میں نہیں جا رہا۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے فون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے جانے بغیر لاکھوں لوگوں کی زندگیاں بچائیں۔
واضح رہے کہ ٹرمپ اس سے قبل بھی متعدد بار پاک بھارت کشیدگی کم کرانے اور جنگ بندی میں اپنا کردار ہونے کا ذکر کرتے رہے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ دنیا کی آٹھ بڑی جنگیں رکوانے میں کردار ادا کر چکے ہیں، جن میں پاک بھارت ممکنہ جنگ بھی شامل ہے۔