ویب ڈیسک: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سینیٹر دوستین خان ڈومکی نے کہا ہے کہ بہت جلد بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کو عہدے سے ہٹا دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس تبدیلی کے لئے "ان ہاؤس" تبدیلی لائی جائے گی، جس کے تحت نیا وزیراعلیٰ پیپلز پارٹی کی مشاورت سے منتخب کیا جائے گا۔ دوستین خان ڈومکی نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی قیادت کو مایوس کیا ہے، جس کے باعث ان کے خلاف تبدیلی کی ضرورت پیش آئی ہے۔
دوسری جانب، پیپلز پارٹی کے رہنما صادق عمرانی نے اس بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی تبدیلی کے بارے میں سامنے آنے والی قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دوستین خان ڈومکی کو کسی قسم کے تحفظات ہیں تو انہیں پارٹی قیادت کے سامنے رکھنا چاہیے۔
صادق عمرانی نے مزید کہا کہ سرفراز بگٹی کو تمام اتحادی جماعتوں کا مکمل اعتماد اور حمایت حاصل ہے، اور اگر اس معاملے پر کوئی فیصلہ کرنا ہوا تو وہ پارٹی قیادت کے سامنے رکھا جائے گا، جہاں حتمی فیصلہ قیادت کی مشاورت سے کیا جائے گا۔