ویب ڈیسک: راولپنڈی کے تھانہ بنی کی حدود میں ایک ماہ قبل ہونے والے شہری وقار احمد کے اندھے قتل کا معما پولیس نے حل کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول کی اہلیہ، اس کا آشنا اور آشنا کا ساتھی واردات میں براہ راست ملوث پائے گئے ہیں، جنہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزمان نے جائیداد اور رقم کے لالچ میں منصوبہ بندی کے تحت وقار احمد کو قتل کیا۔ آشنا نے اپنے دکان پر کام کرنے والے ملازم کے ساتھ مل کر واردات کی، دونوں نے مقتول کی گاڑی روک کر فائرنگ کی اور موقع پر ہی اسے قتل کر دیا۔ ملزمان نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں مقدمے میں شامل کی گئی ایک خاتون کا واقعے سے کوئی تعلق ثابت نہ ہو سکا۔ پولیس نے کیس کو آگے بڑھانے کے لیے سیکڑوں سی سی ٹی وی کیمروں، ٹیکنیکل ذرائع اور ہیومن انٹیلی جنس سے مدد حاصل کی، جس کے بعد مقتول کی اہلیہ اور اس کے آشنا پر شکوک گہرے ہوئے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان جمع کرایا جائے گا تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے تفتیشی ٹیموں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔