(ویب ڈیسک ): وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی بار بار بھارتی طیارے مار گرائے جانے کا ذکر کرتے ہیں، پاکستان کو جو عزت آج ملی ہے یہ ہمارے بہادر جوانوں اور شاہینوں کی بہترین کارکردگی کی بدولت ملی ہے، ہماری بری افواج نے بھارت پر الفتح میزائل داغ کر چار دن میں اسے گھٹنوں کے بل گرنے پر مجبور کر دیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سیاسی و عسکری قیادت کی مشاورت سے ہم نے بلاخوف و خطر فیصلے کئے۔
وزیر اعظم نے آزاد کشمیر کے ضلع باغ کے علاقے ہاڑی گہل میں دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باغ میں باغ دانش کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس ہو رہی ہے، یہ وہ دانش گاہ ہے جس کا سفر ہم نے پنجاب سے شروع کیا تھا، آج پورے پاکستان میں یہ دانش گاہیں دن رات تعمیر و ترقی کے ذریعے پھیل رہی ہیں، بھمبر میں دانش سکول کا 35 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ محکمہ تعلیم کو باغ کے دانش سکول کا23 مارچ 2026ء کو افتتاح کرنے کی ہدایت کی ہے، دانش سکول کا دائرہ کار وادی نیلم تک پھیلایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر نے فارورڈ کہوٹہ میں دانش سکول کے قیام کا مطالبہ کیا ہے، ان کی خواہش پر فارورڈ کہوٹہ کے لئے تحفتاً دانش سکول کا اعلان کرتا ہوں۔ دانش سکول پاکستان کے نامور تعلیمی اداروں کے ہم پلہ ہیں، دانش سکولوں میں غریبوں کے بچے بہترین تعلیمی سہولیات حاصل کر رہے ہیں، میرٹ پر مفت اور بہترین تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دانش سکولوں کا جو خواب دیکھا تھا اس کی تکمیل کا وقت آ گیا ہے، عوام کو ایسی تعلیمی سہولیات کی فراہمی علامہ اقبال اور قائداعظم کا وژن تھا، دانش سکولوں میں پڑھنے والے بچے پاکستان کا نام روشن کریں گے اور اسے عظیم ملک بنائیں گے۔ دانش سکولوں سے غریب اور یتیم بچوں کو بھی انجینئر، ڈاکٹر بننے کے مواقع ملے اور کیمبرج جیسے اداروں میں بھی یہ بچے پہنچ کر اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور ملک کا نام روشن کریں گے۔
وزیراعظم نے امریکی کانگریس کی حالیہ رپورٹ کا خیرمقدم کیا جس نے پاک۔ بھارت جنگ میں پاکستان کی طرف سے بھارت کو زناٹے دار تھپڑ رسید کرنے پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی بار بار بھارتی طیارے مار گرائے جانے کا ذکر کرتے ہیں، پاکستان کو جو عزت آج ملی ہے یہ ہمارے بہادر جوانوں اور شاہینوں کی بہترین کارکردگی کی بدولت ملی ہے، ہماری بری افواج نے بھارت پر الفتح میزائل داغ کر چار دن میں اسے گھٹنوں کے بل گرنے پر مجبور کر دیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سیاسی و عسکری قیادت کی مشاورت سے ہم نے بلاخوف و خطر فیصلے کئے۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کی دلیری اور فتوحات کے باعث پاکستان کا دنیا میں وقار بلند ہوا۔ پاکستان کی عسکری و جنگی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے بعد معاشی میدان میں بھی فتوحات کا دائرہ بڑھایا جائے گا جس کیلئے حکومت دن رات محنت کر رہی ہے، جو قومیں معاشی طور پر ترقی نہیں کرتیں وہ کامیاب نہیں ہوتیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایک دن آئے گا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کو ان کا حق ملے گا اور ان کے بچے بھی دانش سکولوں میں تعلیم حاصل کریں گے۔
انہوں نے پاکستان اور آزاد کشمیر کی قیادت پر مشتمل کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر گورننس کا مثالی معیار قائم کریں، آزاد کشمیر کے عوام کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔