ویب ڈیسک: پی آئی اے کے ریٹائرڈ ملازمین کے لیے بڑی خبر آگئی، پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی نے ملازمین کو بڑی پیشکش کردی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی، پرائیویٹائزیشن کمیشن، اسٹیٹ لائف انشورنس اور ریٹائرڈ ملازمین کے نمائندوں کا اہم اجلاس ہوا، جس میں قومی ایئرلائن کی نجکاری کے بعد ریٹائر ہونے والے ملازمین کی پنشن اور طبی سہولیات کے مسائل پر غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ہولڈنگ کمپنی اور ریٹائرڈ ملازمین کے درمیان طبی سہولیات کے معاملے پر کوئی معاہدہ نہ ہو سکا۔
ہولڈنگ کمپنی نے اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کے ذریعے ریٹائرڈ ملازمین کو طبی سہولت فراہم کرنے کی پیشکش کی تاہم ریٹائرڈ ملازمین کے نمائندوں نے انشورنس کمپنی سے تحریری پیشکش مانگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طبی خدمات پر تعطل کے باعث قومی ایئرلائن کی نجکاری کی بولی 30 اکتوبر سے 17 نومبر تک بڑھا دی گئی ہے۔
اجلاس میں ریٹائرڈ ملازمین کے میڈیکل کے علاوہ پنشن کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، ہولڈنگ کمپنی حکام نے ریٹائرڈ ملازمین کے نمائندوں سے آئندہ اجلاس تک مہلت مانگ لی۔
دوسری جانب پیپلز یونٹی، ایئر لیگ اور ساسا یونینز نے اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔