ویب ڈیسک : ریاستی سکیورٹی ایجنسی نے کہا ہے کہ بلغاریہ لبنانی گروپ حزب اللہ کو اُن پیجرز کی فروخت سے منسلک ایک کمپنی کی تحقیقات کرے گا جو اس ہفتے ایک منظم حملے میں دھماکے سے پھٹ گئے تھے۔
بلغاریہ کی ریاستی سکیورٹی ایجنسی ڈی اے این ایس نے ایک بیان میں نام لیے بغیر کہا کہ وہ وزارتِ داخلہ کے ساتھ مل کر بلغاریہ میں رجسٹرڈ کمپنی کے کردار کی تحقیقات کر رہی ہے۔
بلغاریہ کی میڈیا رپورٹس میں الزام لگایا گیا ہے کہ دارالحکومت صوفیہ میں قائم نورٹا گلوبل لمیٹڈ نامی کمپنی نے پیجرز کی فروخت میں سہولت فراہم کی تھی جو منگل کو لبنان کے طول و عرض میں پھٹ گئے اور ان دھماکوں میں 11 افراد ہلاک اور 4000 زخمی ہوئے۔
فوری طور پر نورٹا سے تعلق کی تصدیق نہیں کی جاسکی ۔ کمپنی کے حکام نے تبصرے کی درخواستوں کا فوری جواب نہیں دیا۔ صوفیہ کے ایک اپارٹمنٹ بلاک میں کمپنی کو رجسٹر کرنے والے وکیل نے بھی میڈیا کے سوالات کا جواب نہیں دیا۔
ہنگری کی نیوز سائٹ ٹیلیکس نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی ہے کہ فروخت کی سہولت دراصل نورٹا نے فراہم کی تھی۔
بلغاریہ کی ریاستی سکیورٹی ایجنسی نے کہا کہ اسے بلغاریہ کی سرزمین پر مشتبہ پیجرز کی مزید کسی کھیپ کا پتہ نہیں چلا