ویب ڈیسک: سکھر کی تحصیل صالح پٹ میں بااثر وڈیرے نے اونٹنی کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق وڈیرے نے کھیت میں گھس کر پانی پینے والی اونٹنی کی ٹانگ توڑ دی۔ اونٹنی کے مالک کا کہنا ہے کہ وڈیرے نے غصے میں آکر اونٹنی کو ٹریکٹر سے باندھ کر لاٹھیوں سے مارا۔ زخمی اونٹنی کو جب ہسپتال لے جایا گیا تو ڈاکٹروں نے اس کا علاج کرنے سے انکار کردیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے میئر سکھر سے رپورٹ طلب کرلی، انہوں نے کہا کہ جانوروں کے ساتھ اس طرح کی زیادتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے چیئرمین ضلع کونسل سکھر کو اونٹ کا علاج کرانے کی ہدایت کردی۔
ادھر پولیس نے اونٹ کے مالک کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد تین ملزمان میں سے ایک کو گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ دیگر دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔