ویب ڈیسک: ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کسٹم کے 2 اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کسٹم اہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ یارک ٹول پلازہ کے قریب پیش آیا۔
انہوں نے بتایا کہ ناکے پر گاڑی میں بیٹھے کسٹم اہلکاروں پر نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کی اور فرار ہوگئے جس کے نتیجے میں 2 کسٹم اہلکار موقع پر ہی شہید جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمی اہلکاروں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
محسن نقوی کا ڈی آئی خان میں کسٹم اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ یارک کی حدود میں کسٹم اہلکاروں پر فائرنگ کے بعد شہادت کے واقعہ کی مذمت کی ۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے فائرنگ سے کسٹم اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہدا کی درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا زخمیوں کی جلد صحت یابی کےلئے دعا گو ہیں، کسٹم انسپکٹر حسنین ترندی، کانسٹیبل زیاد خان اور ملازم محمد عامر کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قوم پر عزم ہے۔
واضح رہے ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ یارک کی حدود میں ٹول پلازہ کے قریب کسٹم اہل کاروں پر نامعلوم نے فائرنگ کردی، فائرنگ کی زد میں آکر انسپکٹر اور کانسٹیبل موقع پر ہی شہید ہوگئے۔