ویب ڈیسک: ہانگ کانگ پر سخت امریکی پابندیوں کے جواب میں چین نے بڑا قدم اٹھا لیا۔ امریکی کانگریس ارکان سمیت سرکاری عہدیداروں اور این جی او کے سربراہان پر پابندیاں عائد کردیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ نے پیر کے روز یہ بیان جاری کیا کہ چین نے امریکی کانگریس ارکان، سرکاری عہدیداران اور این جی او تنظیموں کے سربراہان پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ مزید اس حوالے سے وزارتِ خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ یہ اقدام ہانگ کانگ سے متعلق امریکی رویے کے ردعمل میں کیا گیا ہے، جسے چین نے "سخت اور مداخلت پسند" قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ امریکا کی جانب سے چین اور ہانگ کانگ کے 6 حکام پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ اس امریکی اقدام کو چین کی جانب سے مسترد کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ بیجنگ ایسے اقدامات کو برداشت نہیں کرے گا۔ اور چین کی جانب سے امریکی عہدیداروں پر حالیہ پابندی اسی امریکی اقدام کا جواب قرار دیا گیا ہے۔
مزید اس حوالے سے مؤقف دیتے ہوئے چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہانک کانگ سے متعلق معاملات پر امریکی مداخلت اور کسی بھی غلط کارروائی کا چین کی جانب سے بھرپور جواب دیا جائے گا اور چین اپنی خود مختاری اور قومی سلامتی کے تخفظ کیلیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔