وزیر اعظم سے یو اے  ای کے نائب وزیر اعظم کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال 

وزیر اعظم سے یو اے  ای کے نائب وزیر اعظم کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال 

(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ  شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان نے آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔جس میں  وزیراعظم نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مشترکہ تاریخ، باہمی احترام کے ساتھ ساتھ مضبوط ثقافتی اور اقتصادی روابط پر مبنی برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ 

انہوں نے متحدہ عرب امارات کے صدر وابوظہبی کے حکمران  شیخ محمد بن زاید النہیان  کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا  اور مختلف شعبوں میں متحدہ عرب امارات کی پاکستان کے لیے مسلسل حمایت کو سراہا۔

 دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور عوام سے عوام کے روابط میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

 انہوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بہترین سیاسی تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری تک بڑھانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔

 اس  کے علاوہ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ علاقائی صورتحال اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یو اے ای کے نائب وزیر اعظم  شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کے تعاون کو سراہا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے یو اے ای کے عزم کا اعادہ کیا۔

Watch Live Public News