موٹر سائیکلوں کیلئےبھی فٹنس سرٹیفکیٹ لینا لازمی ہوگیا

موٹر سائیکلوں کیلئےبھی فٹنس سرٹیفکیٹ لینا لازمی ہوگیا

ویب ڈیسک:ملک میں بڑھتی ہوئی آلودگی پر قابو پانے کے لئے حکومت مختلف ایس او پیز جاری کررہی ہے ، اس حوالے سے اب موٹرسائیکلسٹ کے لئےبھی اہم خبر آئی ہے،  گاڑیوں کے بعد موٹر سائیکلوں کے لیے بھی فٹنس سرٹیفکیٹ لینا لازمی ہوگا۔

پنجاب حکومت کی جانب سے اہم فیصلہ کیا گیا، حکومت پنجاب نے اسموگ کی روک تھام کے لیے ترمیمی بل صوبائی اسمبلی میں پیش کردیا ہے، جس کے تحت صوبائی موٹر گاڑیاں آرڈیننس 1965 میں ترامیم کی جائیں گی، ترمیمی بل متعلقہ کمیٹی کے حوالے کردیا گیا، جو 2 ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کرےگی۔

بل کے متن میں کہا گیا ہے کہ آرڈیننس 1965 کی شق 38 اے میں جہاں گاڑی ہے اس کے ساتھ موٹر سائیکل کا لفظ شمار کیا جائے۔

متن کے مطابق موٹر سائیکل کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لینا لازمی قرار دینے کے لیے قانون میں ترمیم کی ضرورت ہے۔

بل کے متن میں کہا گیا ہے کہ فٹنس سرٹیفکیٹ کی معیاد ایک سال تک ہوگی، ابھی فٹنس سرٹیفکیٹ صرف گاڑیوں کے لیے لازم ہے۔

بل کے متن کے مطابق پنجاب میں 85 فیصد بطور سواری موٹر سائیکل استعمال ہوتی ہے، فٹنس سرٹیفکیٹ رجیم کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے ترمیم ضرورت ہے۔

پنجاب اسمبلی میں پیش کیے گئے ترمیمی بل کے متن کے مطابق فٹنس سرٹیفکیٹ سے ایئر کوالٹی پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔

Watch Live Public News