امریکا اور ایران امن مذاکرات کا دوسرادورکل اسلام آباد میں ہوگا،امریکی میڈیا

امریکا اور ایران امن مذاکرات کا دوسرادورکل اسلام آباد میں ہوگا،امریکی میڈیا
کیپشن: امریکا اور ایران امن مذاکرات کا دوسرادورکل اسلام آباد میں ہوگا،امریکی میڈیا

ویب ڈیسک: امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور کل اسلام آباد میں متوقع ہے۔ رپورٹس کے مطابق جے ڈی وینس آج پاکستان پہنچ سکتے ہیں جبکہ ایرانی وفد کی آمد کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تاہم ایران نے اس حوالے سے محتاط بلکہ متضاد مؤقف اپنایا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیا ہے کہ ایران کا اس مرحلے پر مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت کا کوئی ارادہ نہیں اور وفد پاکستان نہیں جائے گا۔

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک ایران کے ساتھ بہتر شرائط پر معاہدہ طے نہیں پا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے اور نئی ڈیل سابق معاہدوں سے زیادہ مضبوط ہوگی۔ ان کے مطابق ایران کو ایٹمی ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور اگر معاہدہ نہ ہوا تو جنگ کے امکانات موجود ہیں۔

وائٹ ہاؤس نے بھی اس مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ کوئی کمزور معاہدہ نہیں کرے گا، بلکہ ایسا معاہدہ ہوگا جو عالمی امن اور سلامتی کو یقینی بنائے گا۔

ادھر پاکستان سفارتی سطح پر متحرک دکھائی دیتا ہے۔ اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے میں امن کے لیے کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں، اشتعال انگیز اقدامات اور ایران کے خلاف دھمکی آمیز بیانات سفارتی عمل میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔

Watch Live Public News