بحری جہاز تنازعہ: ایران کی امریکا کیخلاف اقوام متحدہ میں باضابطہ شکایت درج

بحری جہاز تنازعہ: ایران کی امریکا کیخلاف اقوام متحدہ میں باضابطہ شکایت درج
کیپشن: بھری جہاز تنازعہ: ایران کی امریکا کیخلاف اقوام متحدہ میں باضابطہ شکایت درج

ویب ڈیسک: امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتا ہوا بحری تنازع اب عالمی سطح تک پہنچ گیا ہے۔ ایران نے اپنے تجارتی جہاز ’ایم وی توسکا‘ پر امریکی قبضے کے خلاف اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن میں باضابطہ شکایت درج کرا دی ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ نے اس اقدام کو غیر قانونی اور “وحشیانہ” قرار دیتے ہوئے سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ بین الاقوامی قوانین اور حالیہ جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ سرکاری خبر رساں ادارے اسلامی جمہوریہ ایران نیوز ایجنسی (ارنا) کے مطابق ایران نے خبردار کیا ہے کہ اس اقدام کے سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

ایران نے مطالبہ کیا ہے کہ جہاز، اس کے ملاحوں اور عملے کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ ایرانی حکام کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ قبضے کے دوران عملے اور ان کے اہل خانہ کو ہراساں اور دھمکایا گیا، جو انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے سخت مؤقف برقرار رکھتے ہوئے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ مذاکرات کی میز پر آئے۔ ایک ریڈیو پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے بات چیت سے گریز کیا تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ایران بالآخر مذاکرات پر آمادہ ہو جائے گا۔ انہوں نے ایران کے جوہری پروگرام پر بھی اپنے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ ایران کو کسی صورت ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، کیونکہ یہ عالمی سلامتی کے لیے خطرہ ہوگا۔

جہاز پر قبضے کے حوالے سے اپنے اقدام کا دفاع کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کے پاس اس کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں تھا اور یہ قدم ناگزیر تھا۔

Watch Live Public News