ملک بھر میں مزید موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی

ملک بھر میں مزید موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی
کیپشن: ملک بھر میں مزید موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی

ویب ڈیسک: ملک کے مختلف علاقوں میں آج مزید موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ کراچی سمیت اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج شام کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

اس کے علاوہ لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں رات سے بارش کا آغاز ہوا جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

پنجاب کے بیشر اضلاع میں بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے آج بھی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کی پیشنگوئی کی ہے۔ 

سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ قصور،لاہور، شیخو پورہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، مری، گلیات گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم ،سرگودھا، میانوالی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ خوشاب،بھکر، لیہ ، تونسہ ،ڈیرہ غازی خان ملتان، کو ٹ ادو، مظفر گڑھ اور بہاولپورمیں تیز ہواؤں/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور ،خطہ پوٹھوہار، منڈی بہاؤالدین، گجرات، خوشاب میں موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ میانوالی، سرگو دھا، بھکر، لیہ اور ڈیرہ غازی خان میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ 

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ لاہور میں آج بھی بارش کا امکان ہے۔ لاہور کی فضا میں نمی کا تناسب 84 فیصد ریکارڈ ہوا ہے۔ لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سینٹی گریڈ تک رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے آج بھی ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، بالائی خیبرپختونخوا، جنوبی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان میں آج مزید موسلادھار بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں آج شام یا رات میں جیکب آباد، دادو، جامشورو اور کرا چی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

سندھ کے اکثر علاقوں میں سیلابی صورتحال برقرار

دوسری جانب بارشوں کے باعث سندھ کے اکثر علاقوں میں سیلابی صورتِ حال برقرار ہے، سینکڑوں دیہات زیر آب گئے جبکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے۔

سانگھڑ کی تحصیل ٹنڈو آدم میں 50 سے زائد دیہات سیلاب سے متاثر ہونے کے بعد مکین اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی پر مجبور ہیں۔

نوشہرو فیروز میں پوائنٹ بکھری کے مقام پر دریائے سندھ میں سیلابی ریلا ٹکرانے کے بعد بچاؤ بند پر دو روز قبل شگاف پڑنے سے مزید 10 گاؤں اور فصلیں زیرِ آب آگئیں جبکہ پشتوں کی مرمت کا کام جاری ہے۔

سکھر میں 98 فیصد علاقوں سے برساتی پانی کا نکاس مکمل کرلیا گیا، سکھر اسٹیشن، کچی آبادی گول ٹکری اور بے نظیر کالونی سے بھی پانی کے نکاسی کا عمل جاری ہے، نکاس آب کا کام آج مکمل ہونے کا امکان ہے۔

Watch Live Public News