ویب ڈیسک: لاہور کی سیشن کورٹ نے معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے متعلقہ ادارے کو 30 اگست تک گرفتار کرنے سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی سیشن کورٹ میں یوٹیوبر ڈکی بھائی اور اُن کی بیوی کی ویڈیو میں جوئے کو فروغ دینے کے کیس پر سماعت ہوئی۔ عروب جتوئی کی جانب سے ایڈووکیٹ عرفان کلیات اور راجہ عبدالرحمان رانجھا پیش ہوئے۔ معزز جج نے ڈکی بھائی کی اہلیہ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے اُن کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی رپورٹ بھی طلب کرلی۔
خیال رہے کہ ایف آئی اے نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ ڈکی بھائی نے "ون ایکس بیٹ” اور "بائنومو” جیسی گیمبلنگ ایپس کی تشہیر سے کروڑوں روپے کمائے اور 12 غیر قانونی ایپس کو فروغ دیا۔ انہیں بارہا تفتیش کیلئے طلب کیا گیا، تاہم پیش نہ ہونے پر ان کا نام پی این آئی ایل فہرست میں شامل کیا گیا۔
ڈکی بھائی کو بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کے دوران لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتاری کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیا گیا جہاں دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے حوالے کر دیا گیا۔
ملزم کے قبضے سے آئی فون 16 پرو میکس، مشکوک واٹس ایپ نمبرز اور اہم ڈیٹا برآمد ہوا ہے۔ تفتیشی ٹیم کے مطابق سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کو جوا اور غیر قانونی سرمایہ کاری کی طرف راغب کیا گیا۔ ایف آئی اے نے ان کے اثاثوں کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔