ویب ڈیسک: پاکستان کے بڑے صوبے پنجاب میں نویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج نے تعلیم کے حوالے سے حکومتی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبے میں تقریبا 3 لاکھ 80 ہزار امیدواروں میں سے صرف 45 فیصد کامیاب ہوئے جبکہ 55 فیصد ناکام رہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے آبائی گاؤں گلزار جاگیر میں بھی صورتحال بہت مایوس کن تھی ، جہاں 18 طلباء نے امتحان دیا لیکن صرف ایک پاس ہوا۔
نویں جماعت کے نتائج پر بات کرتے ہوئے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خان نے کہا کہ بری کارکردگی دکھانے والے سکولز کے خلاف کارروائی کی جائے گی جبکہ اچھی کارکردگی دکھانے والے اساتذہ اور سکولوں کی فہرستیں بھی تیار کی جا رہی ہیں اور انہیں انعام دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے احتساب کی کارروائی سب سے پہلے اپنے ہی علاقے سے شروع کروں گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب بھر میں نہم جماعت کے نتائج کا اعلان کیا گیا تھا، بورڈآف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال اور لاہور نے نتائج کا اعلامیہ جاری کیا۔
اعلامیے کے مطابق راولپنڈی میں 53657 اُمیدوار کامیاب ہوئے اورکامیابی کا تناسب 42.06 فیصد رہا، 72312 اُمیدوار امتحان میں ناکام ہوئے جبکہ 2055 طلبا غیر حاضر رہے۔
اعلامیے کے مطابق راولپنڈی میں 409 داخلہ فارم منسوخ کیے گئے، امتحان میں 62332 طلبا اور 63357 طالبات شریک ہوئیں۔
لاہور بورڈ نے جماعت نہم کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کیا جس کے مطابق امتحانات میں 3 لاکھ 8 ہزار امیدواروں نے شرکت کی جس میں سے ایک لاکھ 38 ہزار امیدواروں نے کامیابی حاصل کی جبکہ ایک لاکھ 69 ہزار امیدوار ناکام رہے۔ امتحانات میں کامیابی کا تناسب 45 فیصد رہا۔
سائنس گروپ میں 56.68 فیصد طالبات اور 30.48 فیصد طلبا کامیاب ہوئے جبکہ آرٹس گروپ میں 46.75 فیصد طالبات اور 21.50فیصد طلبا کامیاب ہوئے، جماعت نہم کے نتائج لاہور بورڈ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیے گئے ہیں۔
چیئرمین ملتان تعلیمی بورڈ عامر کریم خان کے مطابق ایک لاکھ 44 ہزار 582 طلبا و طالبات نے پرچے دیے اور کامیابی کا تناسب 52.11 فیصد رہا۔
تعلیمی بورڈ بہاولپور نے نہم کلاس کے سالانہ امتحانات کے نتائج کے مطابق ایک لاکھ 10 ہزار 437 امیدواروں نے حصہ لیا جس میں سے 47 ہزار 574 امیدواروں نے امتحان میں کامیابی حاصل کی۔
بورڈ آف انٹرمیڈیٹ سیکنڈری ایجوکیشن (بی آئی ایس ای) ساہیوال بورڈ نے بھی نویں جماعت کے نتائج کا اعلان کردیا، ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تقریب منعقد کی جائے گی۔