(ویب ڈیسک ) بھارتی حکومت نے ہر طرح کے دو طرفہ کھیلوں کے مقابلوں میں پاکستان کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔
بھارتی حکومت نے بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کے حوالے سے بھارت کی پالیسی جاری کردی۔ بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیمیں پاکستان میں کسی دو طرفہ کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ نہیں لیں گی، پاکستانی ٹیموں کو بھارت میں دو طرفہ مقابلوں میں کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بھارت یا بھارت سے باہر بین الاقوامی اور کثیرالجہتی مقابلوں کے حوالے سے انٹرنیشنل کھیلوں کے اداروں کے طریقہ کار اور اپنے کھلاڑیوں کے مفاد کو مدنظر رکھا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیشنل ایونٹس جس میں پاکستان ٹیم یا کھلاڑی ہوں اس میں بھارتی ٹیمیں اور کھلاڑی حصہ لیں گے، بھارت میں ہونے والے کثیرالجہتی مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں اور ٹیموں کو شرکت کی اجازت ہوگی۔