(ویب ڈیسک ) وزیراعظم نے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر چینی حکومت، عوام اور قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے ملاقات کی ، ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، کابینہ کے دیگر سینئیر اراکین اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر چینی حکومت، عوام اور قیادت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے بنیادی نوعیت کے تمام مسائل پر چین کی غیر مشروط حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نے چین کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ اشتراک اور تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت اور پاک چین دوستی کو مضبوط کرنے میں ان کے کردار کو سراہا۔انہوں نے گزشتہ برس اپنے دورہ چین میں چینی صدر کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا تذکرہ کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اپنے آئندہ دورہ چین کا منتظر ہوں۔
وزیراعظم نے چینی صدر، وزیراعظم سمیت دیگر قیادت کے ساتھ ملاقات کے لئے اپنی خواہش کا اعادہ کیا۔انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، صنعت، کان کنی اور دیگر شعبوں میں چین کے ساتھ دو طرفہ تعاون وسیع کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔